نئی دہلی :26/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے بھلے ہی اپنے سینئر لیڈر رہے سابق صدر پرنب مکھرجی کو بھارت رتن دیے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما ملک ارجن کھڑگے نے شیو کمار سوامی کو یہ اعزا نہ ملنے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ہفتہ کو کہا کہ حکومت نے ان کا کام دیکھا تھا۔ اس کے باوجود بی جے پی حکومت نے انہیں یہ اعزاز نہیں دیا،یہ افسوسناک ہے۔کھڑگے نے کہا کہ ایک گلوکار اور ایک ایسے شخص کو جس نے RSS کے نظریات کی تبلیغ کی، انہیں ملک کا اعلی ترین اعزاز دیا گیا۔ اگر آپ ان تمام میں موازنہ کریں تو شیو کمار سوامی کو یہ اعزاز ضرور ملنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پرنب مکھرجی کو بھارت رتن اعزاز دیا جائے گا، میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں لیکن شیو کمار سوامی نے تعلیم کے میدان میں کافی کام کیا ہے ۔ انہوں نے یتیم بچوں کو پڑھانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انہیں بھارت رتن ایوارڈ دیا جانا چاہیے تھا، ہمیں اس کی امید تھی۔ واضح ہو کہ ایک دن پہلے کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کر تینوں شخصیات کو ملک کا اعلی ترین اعزاز دیے جانے کے اعلان پر خوشی ظاہر کی تھی، جس میں آر ایس ایس جیسے فرقہ پرست کے جنم داتا تنظیم سے وابستہ شخص بھی تھا۔پرنب مکھرجی کے بارے میں خاص طور پر راہل نے لکھا تھا کہ میری پارٹی کو فخر ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر رہے ایک شخص کی شراکت کو تسلیم کیا گیا اور انہیں اعزاز دیا گیا ۔ واضح ہو کہ کرناٹک کے سدھ گنگا مٹھا کے سربراہ شیو کمار سوامی کا گزشتہ پیر کو طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ لنگایت ویر شو کمیونٹی کے سوامی 111 سال کے تھے۔